حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نگرم/ آندھرا پردیش شیعہ علماء بورڈ صدر حجت الاسلام و المسلمین مولانا سید عباس باقری نے عالمِ تشیع کی عظیم علمی و روحانی شخصیت، مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کی رحلت عالمِ تشیع، حوزاتِ علمیہ اور پوری دنیائے اسلام کے لیے ایک ناقابلِ تلافی علمی و روحانی نقصان ہے۔ آپ علم، فقاہت، تقویٰ، تحقیق اور استقامت کی ایک بے مثال شخصیت تھے، جن کی علمی و دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آپ کی ذاتِ گرامی ایک ایسی علمی شخصیت کا نمونہ تھی جسے حوزہ ہائے علمیہ میں ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا۔ آپ کا درسِ خارجِ فقہ و اصول، علمی گہرائی، استدلالی قوت، تحقیقی عظمت اور غیر معمولی شہرت کا حامل تھا۔ آپ نے اپنے علمی فیض سے متعدد مجتہدین، نامور علماء اور تشنگانِ علومِ اہل بیتؑ کی تربیت فرمائی اور علمی و فکری میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔
تعزیتی بیان میں اس امر پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ آپ کی دینی خدمات کا ایک اہم اور درخشان پہلو ایامِ عزائے فاطمیہ کی ترویج اور احیاء تھا۔ آپ نے ماہِ محرم کی طرح ایامِ عزائے فاطمیہ کو بھی خصوصی اہمیت عطا فرمائی اور ان ایام میں علمی، حوزوی اور عوامی سطح پر عزاداری و مجالسِ عزا کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کیا اور ان ایام میں اپنے دفتر سے حرمِ مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا تک نکلنے والے عزائی جلوس میں خود بنفس نفیس شرکت فرما کر بارگاہِ صدیقہ طاہرہ سے اپنی بے مثال عقیدت و محبت کا عملی اظہار کرتے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ آپ کی علمی عظمت، تقویٰ، سادگی، استقامت اور شعائرِ اہل بیتؑ سے وابستگی تاریخِ تشیع کے صفحات پر ہمیشہ ثبت رہے گی۔
آندھرا پردیش شیعہ علماء بورڈ کے صدر سید عباس باقری نے اپنی جانب سے اور بورڈ کے تمام اراکین کی طرف سے اس عظیم سانحۂ ارتحال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جوارِ رحمتِ انبیاء و محمد و آلِ محمدؑ میں اعلیٰ مقام کی دعا کی۔ نیز آپ کے پسماندگان، متعلقین، شاگردوں، حوزاتِ علمیہ اور تمام مؤمنین و مؤمنات کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے بارگاہِ خداوندی میں ان کے لیے صبرِ جمیل و اجرِ جزیل کی دعا فرمائی۔










آپ کا تبصرہ